7 جولائی 2012
وقت اشاعت: 14:22
لاہورہائیکورٹ کے حکم پر ینگ ڈاکٹرزکا ایمرجینسیز میں کام شروع
آج نیوز - لاہورہائیکورٹ کے حکم پر ینگ ڈاکٹرز نے سرکاری ہسپتالوں کی ایمرجینسیز میں کام شروع کر دیا ہے۔دوسرے شعبوں کیلئے ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال بدستور جاری ہے۔لاہورہائیکورٹ نے وائی ڈی اے کی طرف سے ہڑتال کو سپریم کورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے ڈاکٹرز کو کام پر آنے کا حکم دیا تھا، عدالتی حکم کے بعد ہفتے کے روز پنجاب بھر کے سرکاری ہسپتالوں کی ایمرجینسیز میں کام شروع کردیا گیا ہے۔ لاہور، گوجرانوالہ، ملتان، فیصل آباد، گجرات، منڈی بہاؤالدین، ساہیوال، وہاڑی سمیت صوبے کے ہسپتالوں کی ایمرجنیسز میں سروسز مہیا کی جارہی ہیں۔ مریضوں اور ان کے لواحقین نے ہڑتال ختم ہونے ہر سکھ کا سانس لیا ہے ، ان ڈورز اور آؤٹ ڈورز میں ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال بدستور جاری ہے اور مریضوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔ سینیئر اور فوجی ڈاکٹر مریضوں کو چیک کر رہے ہیں۔ دوسری طرف ینگ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ انہوں نے عدالتی حکم مانتے ہوئے صرف ایمرجنسی میں ہڑتال ختم کی ہے،،، مطالبات پورا ہونے تک ان ڈورز اور آؤٹ ڈورز میں کام بند رہے گا۔ اس موقع پر کسی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لئے پولیس کی نفری بھی ہسپتالوں میں تعینات کی گئی ہے۔