7 جولائی 2012
وقت اشاعت: 15:10
ومبلڈن ٹینس : راجر فیڈرر اور اینڈی مرے فائنل میں مد مقابل
آج نیوز - ومبلڈن ٹینس ٹورنامنٹ کے مینز سنگلز کا فائنل کل سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر اور برطانیہ کے اینڈی مرے کے درمیان کھیلا جائے گا۔ جبکہ ویمنز سنگلز کا فائنل آج ہوگا۔ لندن کے آل انگلینڈ کلب میں کھیلے جانے والے سال کے تیسرے گرینڈ سلم ایونٹ کے سیمی فائنل میں عالمی نمبر تین سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر نے کوئی غلطی دہائے بغیر عالمی نمبر ایک کے خلاف فتح سمیٹی۔ گزشتہ سات گرینڈ سلم میں ڈوکووچ کے ہاتوں شکست سے دوچار ہونے والے فیڈرر نے گراس کورٹ پر اپنا جادو دکھا ڈالا۔ سوئس کھلاڑی نے کھیل کا فاتحانہ آغاز کیا اور پہلا سیٹ چھ تین سے جیت کر برتری حاصل کی۔ دوسرے سیٹ میں سرب کھلاڑی نے کم بیک کیا اور تین چھ سے کامیابی حاصل کرکے مقابلہ ایک ایک سے برابر کردیا۔ تیسرے سیٹ میں فیڈرر نے آوٴٹ کلاس گیم کھیلتے ہوئے چھ چار سے فتح سمیٹ کر مقابلہ دو ایک کردیا۔ چوتھے سیٹ میں بھی فیڈرر نے اپنا روایتی کھیل برقرار رکھا اور چھ تین سے سرب کھلاری کو زیر کرتے ہوئے ریکارڈ آٹھویں ومبلڈن تک رسائی حاصل کرلی۔ فیڈرر ٹورمنٹ جیت کر نہ صرف پیٹ سیمپراس کا سات مرتبہ ومبلڈن جیتنے کا ریکارڈ برابر کرسکتے ہیں بلکہ ڈوکووچ کی جگہ عالمی رینکنگ میں پہلے نمبر پر بھی آجائیں گے۔ فائنل میں فیڈرر کا مقابلہ برطانیہ کے اینڈی مرے سے ہوگا۔ اینڈی مرے نے دوسرے سیمی فائنل فرانس کے جولفریڈ سونگا کو زیر کرکے چوہتر سال بعد ومبلڈن کے فائنل کے لئے کوالیفائی کیا۔ فرانسیسی کھلاڑی کی فتح کا اسکور چھ تین، چھ چار، تین چھ اور سات پانچ رہا۔ ٹورنامنٹ کے ویمنز سنگلز کا فائنل آج امریکہ کی سرینا ولیمز اور پولینڈ کی اگنیسکا رڈوانسکا کے درمیان ہوگا۔