7 جولائی 2012
وقت اشاعت: 16:32
آج سے ملک بھر میں بجلی کی فراہمی معمول پر آجائیگی، احمد مختار
آج نیوز - وفاقی وزیر پانی و بجلی چوہدری احمد مختار نے دعویٰ کیا ہے کہ آج سے ملک بھر میں بجلی کی فراہمی کی صورت حال معمول پر آجائے گی۔وفاقی وزیر چوہدری احمد مختار کا کہنا تھا کہ بجلی کے بحران پر قابو پانے کے لیے حکومتی اقدامات قابل ستائش ہیں جس کے نتیجے میں رات کو بھی لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی۔ وفاقی وزیر پانی و بجلی نے تو یہ بھی دعویٰ کیا کہ صدر مملکت کی ہدایت پر رمضان المبارک میں بھی لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی۔دوسری جانب بجلی کا شارٹ فال کم ہونے کے باوجود لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔لاہور میں ہر گھنٹے بعد بجلی بند کی جا رہی ہے، جس کے باعث گنجان آباد علاقوں میں رہنے والے راتیں جاگ کر گزار رہے ہیں۔ طویل لوڈشیڈنگ سے واٹر پمپس بند ہو گئے ہیں، لوگ کولر اور بوتلیں ہاتھوں میں لے کر پینے کا پانی ڈھونڈتے پھر رہے ہیں۔ فیصل آباد،ملتان، گوجرانوالہ، میانوالی، منڈی بہاوٴالدین، شیخوپورہ اور سرگودھا سمیت پنجاب کے دیگر بڑے شہروں میں بجلی کی طویل بندش سے یومیہ اجرت پر کام کرنے والے افراد بیروزگار ہو رہے ہیں اور کاروبار بھی شدید متاثر ہر رہا ہے۔ شارٹ فال میں کمی کے باوجود صوبے کے دور دراز علاقوں میں بیس بیس گھنٹے لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے۔