7 جولائی 2012
وقت اشاعت: 22:56
پاکستان اور سری لنکا پالیکلے میں کل مدمقابل ہونگے
آج نیوز - پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین میچوں کی سیریز کا آخری ٹیسٹ کل سے پالیکلے میں کھیلا جائے گا۔ میزبان ٹیم کو سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔سری لنکا نے پاکستان کو پہلے ٹیسٹ میں دو سو نو رنز سے زیر کیا تھا جبکہ دوسرا ٹیسٹ ڈرا ہوگیا تھا۔ آخری ٹیسٹ کے لئے قومی ٹیم بھرپور تیاریوں میں مصروف ہے۔ کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ سیریز برابر کرنے کے لئے تمام کھلاڑیوں کو عمدہ کھیل پیش کرنا ہوگا۔ ان کے پاس ہارنے کے لئے کچھ نہیں، ٹیم صرف جیت کے لئے میدان میں اترے گی۔ میچ کے لئے حکمت عملی ترتیب دے دی ہے امید ہے کھلاڑی مایوس نہیں کریں گے۔ دوسری جانب سری لنکن کپتان مہیلا جے وردھنے کا کہنا ہے کہ پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ میں کم بیک کیا، سیریز میں ان کی ٹیم کو برتری حاصل ہے لیکن کھلاڑیوں کی ایک غلطی سے سیریز ہاتھ سے نکل سکتی ہے۔ پاکستان اچھی ٹیم ہے، کھلاڑیوں کو بہت محتاط ہوکر کھیلنا ہوگا۔