تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
8 جولائی 2012
وقت اشاعت: 0:32

اے ایس آئی اصغر نے قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ،رحمن ملک

آج نیوز - وزیر داخلہ رحمن ملک نے کہا ہے کہ اے ایس آئی اصغرعباس نے اپنی جان کا نذرانہ دے کر قوم کا سرفخر سے بلند کردیا ہے۔پولیس لائن ہیڈ کوارٹر اسلام آباد میں ڈاکووٴں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے پولیس آفیسر اے ایس آئی اصغر عباس کی نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ رحمن ملک نے شہید پولیس آفیسر کے بائیس سالہ بیٹے کو ان کی جگہ اے ایس آئی بھرتی کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اے ایس آئی اصغر عباس نے قانون شکن عناصر کیخلاف لڑائی کے دوران شہیدوں میں اپنا نام لکھوایا ہے، جس پر ہم سب کو فخر ہے۔ واقعہ میں ملوث کار چوروں کو بھی نقصان پہنچا ہے اور وہ بچ کر کہیں نہیں جا سکیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ واقعہ کی تحقیقات کیلئے اعلیٰ سطح کی انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دی گئی ہے اور ہم بہت جلد ملزمان تک پہنچ جائینگے۔ رحمن ملک نے کہا کہ وفاقی پولیس کار چور گروہ کیخلاف سر گرم عمل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہید ہونے والے پولیس آفیسر کے اہلخانہ کو مزید مراعات کی فراہمی کیلئے بھی وزیراعظم سے اپیل کرینگے۔ اصغر عباس شہید کے خاندان سے مزید دوافراد کو بھرتی کیا جائے گا۔اسلام آباد سے گزشتہ روز اغواء ہونے والے منی چینجر کمپنی کے مالک کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر رحمن ملک کا کہنا تھا کہ ہم ملزمان کے بہت قریب پہنچ چکے ہیں اور امید ہے کہ مغوی کو بہت جلد بازیاب کر لیا جائے گا۔ اس سے قبل پولیس لائن ہیڈ کوارٹرز میں شہید پولیس آفیسر اصغر عباس کی نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں سینئر مشیر داخلہ رحمن ملک، آئی جی اسلام آباد بنیامین اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.