8 جولائی 2012
وقت اشاعت: 1:4
پارلیمنٹ :اقلیتوں کی نمائندگی بڑھانے کا فیصلہ
آج نیوز - وفاقی حکومت نے قومی اسمبلی میں اقلیتوں کی نمائندگی بڑھانے کا فیصلہ کرلیا ،ذرائع کے مطابق وزیرقانون فاروق ایچ نائیک اس ترمیم پر کام کررہے ہیں۔ذرائع کے مطابق صدرآصف علی زرداری نے وفاقی حکومت کو ہدایت کی ہے کہ ملک میں اقلیتوں کی آبادی میں اضافہ ہوا ہے اس لیے اقلیتوں کی آبادی کے تناسب سے انکی سیٹوں پراضافہ کیا جائے۔صدرآصف علی زرداری کی ہدایت کے بعد ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیرقانون فاروق ایچ نائیک اس سلسلے میں ایک آئینی ترمیم کی تیاری کیلئے کام کررہے ہیں۔مجوزہ آئینی ترمیم کے تحت اقلیتوں کو قومی اسمبلی میں چارفیصد نشتیں مختص کی جائیں گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس طرح اقلیتوں کی قومی اسمبلی میں تیرہ سے چودہ نشتیں بن جائیں گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس وقت قومی اسمبلی میں اقلیتوں کیلئے مخصوص دس نشستوں کی اقلیتوں میں تقسیم بھی بعض اقلیتی کمیونٹی کیلئے تشویش کا باعث ہے،پاکستان میں موجود عیسائی برادری کی قومی اسمبلی میں اپنی نمائندگی کو اپنی آبادی کے تناسب سے کم سمجھتی ہے۔اقلیتوں کیلئے مخصوص نشستوں میں سے اسوقت دونشستیں عیسائی برادری کے پاس جبکہ آٹھ نشستیں ہندوبرادری کے پاس ہیں۔جمعہ کی شب ایوان صدر میں اتحادی جماعتوں کی قیادت کے اجلاس میں یہ معاملہ بھی زیربحث آیا تھا اوراتحادیوں نے قومی اسمبلی میں اقلیتوں کی نمائندگی میں اضافے کے معاملے پر اپنی بھرپورحمایت کی یقین دہانی کرائی تھی۔موجودہ حکومت نے اقلیتوں کو پہلے ہی سینٹ میں چارفیصد نمائندگی دیدی ہے۔