8 جولائی 2012
وقت اشاعت: 12:9
پالیکیلے ٹیسٹ: پاکستان کے کھانے کے وقفے تک 4 وکٹ پر 81 رنز
آج نیوز - پاکستان نے سری لنکا کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ میں کھانے کے وقفے تک چار وکٹوں کے نقصان پر اکیاسی رنز بنا لئے۔ پالیکیلے اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے تین ٹیسٹ میچوں کے آخری ٹیسٹ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔ قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن ایک مرتبہ پھر لڑکھڑاتی ہوئی نظر آئی اور ٹیم شروع ہی سے مشکلات کا شکار رہی۔ پاکستان ٹیم کو صرف چھپن رنز کے مجموعے پر چار کھلاڑیوں سے ہاتھ دھونا پڑا۔ اوپنر محمد حفیظ بائیس اور توفیق عمر انتیس رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ اظہر علی اور یونس خان کوئی رن نہ بناسکے۔ کھیل کے پہلے روز کھانے کے وقفے تک پاکستان نے چار وکٹوں پر اکیاسی رنز بنائے ہیں۔ کپتان مصباح الحق دس اور اسد شفیق بارہ رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ سری لنکا کی جانب سے تھسارا پریرا نے تین اور کلاسیکرا نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ میزبان ٹیم کو سیریز میں ایک صفر کی ناقابل شکست برتری حاصل ہے۔ سری لنکا نے پاکستان کو پہلے ٹیسٹ میں دو سو نو رنز سے زیر کیا تھا جبکہ دوسرا ٹیسٹ ڈرا ہوگیا تھا۔