8 جولائی 2012
وقت اشاعت: 19:9
ایندھن کی عدم ترسیل ،ٹرینوں کی آمدو رفت متاثر
آج نیوز - انجنوں کی کمی اور ایندھن کی بروقت ترسیل نہ ہونے سے ٹرینوں کی آمد و رفت شدید متاثر ہو رہی ہیں، مسافر گھنٹوں پلیٹ فارمز پر خوار ہو رہے ہیں۔لاہور میں ریلوے ذرائع کے مطابق ایندھن کی بروقت ترسیل نہ ہونے کے باعث متعدد ٹرینیں تاخیر کا شکار ہو رہی ہیں، لاہور اور کراچی کے درمیان چلنے والی بزنس ٹرین، شالیمار ایکسپریس، قراقرم ایکسپریس اور کراچی ایکسپریس سمیت لوکل ٹرینیں بھی وقت پر منزل کی جانب روانہ نہیں ہو سکیں، جس کی وجہ سے پلیٹ فارمز پر انتظار میں بیٹھے مسافروں کو پانی کی قلت سمیت گرمی کا سامنا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ انجنوں کی کمی کے باعث مسافر ٹرینوں کے انجن تیل کی ترسیل کے لئے استعمال کئے جا رہے ہیں، جس سے ٹرینوں کا شیڈول متاثر ہو رہا ہے۔ کئی ٹرینوں کے جنریٹرز خراب ہیں، جس کی وجہ سے اے سی اور پارلر کے مسافروں کو آدھے سفر کے بعد اکانومی کلاس میں بٹھا دیا جاتا ہے۔