8 جولائی 2012
وقت اشاعت: 22:22
رمضان المبارک میں شہریوں کو ریلیف دینے پر زور
آج نیوز - وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ مون سون اور رمضان المبارک کے دوران شہریوں کو ریلیف پہنچانے کے لئے تمام ادارے تندہی سے کام کریں۔ انہوں نے لاہور کے ٹیکسی اور رکشہ اسٹینڈ سے پرچی سسٹم ختم کرنے کا اعلان کیا۔مینار پاکستان ٹینٹ آفس میں وزیراعلیٰ شہبازشریف کی زیرصدارت پانی کی فراہمی،ڈرینوں کی صفائی اور مون سون کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس ہوا۔ شرکاء اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ماہ رمضان میں لوگوں کو پانی کی بلاتعطل دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔ پانی کی فراہمی اور نکاسی آب کے لئے جتنے جنریٹرز درکار ہیں فوری طور پر خریدے جائیں۔ شبہازشریف کا کہنا تھا کہ واسا کی ہیلپ لائن ون ڈبل تھری فور پوری طرح فعال ہے۔اجلاس میں تھرڈ پارٹی کی آڈٹ رپورٹ بھی پیش کی گئی جس میں ڈرینوں اور نالوں سے بھل نکالنے کے کام پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔رکشہ،ٹیکسی ڈرائیورز سے ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب نے شہر بھر سے ٹیکسی اور رکشہ اسٹینڈز سے پرچی سسٹم ختم کرنے کا اعلان کیا۔ جس پر ڈرائیورز نے حکومت پنجاب کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس نہ صرف غریب ڈرائیورز کو ریلیف ملے گا بلکہ انہیں ٹھیکیداروں کی غنڈہ گردی سے بھی نجات ملے گی۔