9 جولائی 2012
وقت اشاعت: 11:27
سینیٹ اور قومی اسمبلی کے اجلاس آج ہوں گے
آج نیوز - سینیٹ اور قومی اسمبلی کے اجلاس آج ہو رہے ہیں ،، قومی اسمبلی کے ایجنڈے میں توہین عدالت قانون میں ترمیم کا بل اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی نااہلی کے بعد کے اقدامات کو قانونی تحفظ دینے کا آرڈیننس بھی شامل ہے۔ قومی اسمبلی کا اجلاس شام پانچ بجے اسپیکر قومی اسپیکر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کی صدارت میں شروع ہو گا،، ذرائع کے مطابق صدر، وزیراعظم، وزرائے اعلیٰ اور وزراء کو توہین عدالت سے مستثنیٰ قرار دینے کا حکومتی بل ایجنڈے میں شامل کر لیا گیا ہے۔ چھبیس اپریل سے انیس جون کے دوران سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے اقدامات کو تحفظ دینے کا آرڈیننس بھی ایوان میں پیش کیا جائے گا، تاہم دوہری شہریت رکھنے والوں کے رکن پارلیمنٹ بننے پر پابندی ختم کرنے کا ترمیمی بل ایجنڈے میں شامل نہیں کیا گیا۔ ایوان بالا کا اجلاس بھی شام پانچ بجے شروع ہو گا، توہین عدالت ترمیمی بل قومی اسمبلی کے بعد سینیٹ میں بھی پیش کیا جائے گا۔