9 جولائی 2012
وقت اشاعت: 13:4
ملک کے مختلف علاقوں میں آج مزید بارش کا امکان
آج نیوز - ملک کے مختلف علاقوں میں بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے جبکہ آج مزید بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بالائی و وسطی پنجاب، مالاکنڈ، ہزارہ اور کشمیر میں بارش ہوئی، جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہا۔ سب سے زیادہ راولاکوٹ میں اکتیس، مظفرآباد چھبیس، بالاکوٹ نو، ساہیوال آٹھ، چکوال سات، جوہرآباد، گڑھی دوپٹہ، سرگودھا چار اور کاکول میں دو ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران راولپنڈی، اسلام آباد، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، فیصل آباد، ملتان، ساہیوال، مکران ڈویژن، شمال مشرقی بلوچستان، خیبر پختونخواہ، کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہوائیں چلنے کے علاوہ کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے، جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔ گزشتہ روز سب سے زیادہ درجہ حرارت دالبندین اور دادو میں چھیالیس، سبی بیالیس، کوئٹہ انتالیس، ملتان، مظفرآباد، لاہور، گلگت، پشاور چھتیس، کراچی پینتیس، اسلام آباد چونیتس اور مری میں تئیس ڈگری سنٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔