9 جولائی 2012
وقت اشاعت: 14:25
دفاع پاکستان کونسل کا لانگ مارچ جہلم پہنچ گیا
آج نیوز - نیٹو سپلائی کی بحالی کے خلاف لاہور سے شروع ہونے والا دفاع پاکستان کونسل کا لانگ مارچ جہلم پہنچ گیا، کونسل کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ملکی خود مختاری پرکوئی سودے بازی برداشت نہیں کی جائے گی۔ دفاع پاکستان کونسل کا لانگ مارچ جہلم پہنچ گیا۔ گزشتہ روز لاہور سے روانہ ہونے والا لانگ مارچ آج صبح گجرات سے روانہ ہوا تھا اور توقع ہے کہ شام کسی وقت اسلام آباد پہنچے گا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق نے کہا کہ لانگ مارچ پرامن ہے۔ اسلام آباد پہنچنے پر پارلیمنٹ یا آب پارہ چوک میں دھرنا دیا جائے گا۔ رہنماوں کا کہنا تھا کہ روکا گیا تو اسلام آباد کومصرکا تحریر اسکوائر بنا دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے پارلیمنٹ کی مشترکہ قرارداد کومسترد کرتے ہوئے عالمی طاقتوں کے آگے گھٹنے ٹیک دیئے ہیں۔ دفاع کونسل میں شامل تمام جماعتوں کے کارکنوں نے لانگ مارچ کا شاہدرہ چوک، مریدکے، کامونکی اور گوجرانوالہ، گجرات اور پھر جہلم پہنچنے پر شاندار استقبال کیا۔ گوجرانوالہ میں خطاب کرتے ہوئے کونسل کے رہنماؤں منور حسن، لیاقت بلوچ، حافظ سعید، شیخ رشید اور دیگر رہنماؤں کا کہنا تھا کہ لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے کارواں میں شرکت کر کے ثابت کر دیا ہے کہ وہ نیٹو سپلائی کے حوالے سے حکومتی فیصلے کو تسلیم نہیں کرتے۔ لانگ مارچ ڈرون حملوں کے خاتمے تک ختم نہیں ہوگا۔