تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
9 جولائی 2012
وقت اشاعت: 16:3

دنیا بھر سے منتخب چند اہم خبروں پر ایک نظر

آج نیوز - امریکا میں شدید گرمی کی لہر برقرار ہے اور ہلاکتیں ستر سے زائد ہوگئی ہیں۔ واشنگٹن ، اوہائیو سمیت سولہ ریاستوں میں درجہ حرارت اڑتیس ڈگری سے زائد ریکارڈ کیا گیا۔ شدید گرمی کے باعث معمولات بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔
روس میں سیلاب کے باعث چھوٹے ڈیم ٹوٹ گئے جس سے وسیع علاقہ زیرآب آگیا۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ چھوٹے ڈیم ٹوٹنے سے سات میٹر بلند لہریں اٹھیں جو ان کا سب کچھ بہا لے گئیں۔ مختلف علاقوں میں ہلاکتیں ایک سو انتالیس ہوگئی ہیں۔ روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے غفلت کی تحقیقات کا حکم دے دیاہے۔
نائجیریا میں نسلی فسادات پھر بھڑک اٹھے ہیں اور متحارب گروپوں کے درمیان شدید لڑائی میں ساٹھ افراد ہلاک ہوگئے۔ حکومت نے متاثرہ علاقوں میں کرفیو نافذ کرکے پولیس اور نیم فوجی اداروں کی بھاری نفری تعینات کردی ہے۔
مصر کے نومنتخب صدر محمد مرسی نے سپریم کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے کر پارلیمنٹ بحال کردی ہے۔ مصری فوج نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد اخوان المسلمون کی اکثریت والی پارلیمنٹ توڑ کر قانون سازی کے اختیارات خود سنبھال لئے تھے۔
امریکی حکام نے خبردار کیا ہے کہ آج ڈھائی لاکھ سے زائد کمپیوٹرز انٹرنیٹ وائرس کا شکار ہوسکتے ہیں، اس وائرس کا مقصد انٹرنیٹ کے ٹریفک کو کنٹرول کرنا ہے۔ ایف بی آئی نے یہ وائرس دو ماہ قبل ناکارہ بنادیا تھا تاہم اس کے اثرات آج ظاہر ہونے کا امکان ہے۔ منصوبے میں ملوث سات افراد گرفتار کئے جاچکے ہیں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.