تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
9 جولائی 2012
وقت اشاعت: 17:24

چیف الیکشن کمشنر کیلئے فخرالدین جی ابراہیم کے نام پر اتفاق

آج نیوز - پارلیمانی کمیٹی نے چیف الیکشن کمشنر کیلئے فخرالدین جی ابراہیم کے نام پر اتفاق کر لیا، حتمی منظوری صدر مملکت دیں گے۔ چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کیلئے پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس وفاقی وزیر سید خورشید احمد شاہ کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ہوا۔ اجلاس میں راجہ ظفرالحق، اسلام الدین شیخ، عبدالقار بلوچ، غفور حیدری، فاروق ستار اور حاجی عدیل نے شرکت کی۔ اجلاس میں چیف الیکشن کمشنر کیلئے فخرالدین جی ابراہیم کے علاوہ موجودہ قائمقام چیف الیکشن کمشنر جسٹس شاکراللہ جان، جسٹس ناصر اسلم زاہد ریٹائرڈ، جسٹس امیر الملک مینگل ریٹائرڈ، جسٹس نسیم سکندر ریٹائرڈ اور جسٹس منیر اے شیخ ریٹائرڈ کے ناموں پر غور کیا گیا تاہم اپوزیشن کی جانب سے تجویز کے بعد کمیٹی کے تمام شرکاء نے چیف الیکشن کمشنر کے لئے جسٹس فخرالدین جی ابراہیم ریٹائرڈ کے نام پر اتفاق کیا۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے ڈاکٹر فاروق ستار نے نئے چیف الیکشن کمشنر کے لئے فخر الدین جی ابراہیم کے نام پر اتفاق ہونے کی تصدیق کی۔ انہوں نے بتایا کہ فخر الدین جی ابراہیم کا نام اپوزیشن کی جانب سے پیش کیا گیا تھا، بعد ازاں چیئرمین پارلیمانی کمیٹی خورشید شاہ نے فخر الدین جی ابراہیم کے نام کا باضابطہ اعلان کیا اور کہا کہ حکومت نے اپوزیشن کا تجویز کردہ نام قبول کر کے نئی روایت قائم کی ہے۔ آئندہ بھی اتفاق رائے سے تمام معاملات طے کریں گے تاہم اب یہ اپوزیشن پر ہے کہ وہ اتفاق رائے سے چلنا چاہتی ہے یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ فخر الدین جی ابراہیم تجربہ کار، غیر جانبدار اور اچھی شہرت کے حامل ہیں اور عدلیہ میں بھی ان کی قابل قدر حیثیت ہے۔ سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ غیر جانبدار چیف الیکشن کمشنر کی تقرری سے میثاق جمہوریت پر نوے فیصد تک عمل ہو گیا ہے، ان کے نام پر اتفاق مفاہمتی پالیسی کا نتیجہ ہے، پارلیمانی کمیٹی ان کا نام وزیراعظم کو بھجوائے گی جبکہ حتمی منظوری صدر مملکت دیں گے۔ فخرالدین جی ابراہیم ذوالفقار بھٹو کے دور میں اٹارنی جنرل جبکہ بینظیر بھٹو کے دور میں گورنر سندھ بھی رہ چکے ہیں۔ واضح رہے کہ چیف الیکشن کمشنر کا عہدہ چوبیس مارچ سے خالی پڑا ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.