9 جولائی 2012
وقت اشاعت: 18:29
جے یو آئی ف کا توہین عدالت بل کی حمایت سے انکار
آج نیوز - مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ دوہری شہریت اورتوہین عدالت کے بل میں حکومت کاساتھ نہیں دیں گے جبکہ تیرہ جولائی کو نیٹو سپلائی کی بحالی کے خلاف یوم احتجاج منایا جائیگا۔پشاورمیں جے یوآئی کی مجلس شوری کے دوروزہ اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ دوہری شہریت کے معاملے نے پیچیدگیاں پیدا کی ہیں۔ اس لیے ارادہ ہے کہ دوہری شہریت اور توہین عدالت کی مخالفت کرینگے۔ انہوں نے بتایا کہ تیرہ جولائی کونیٹو سپلائی کی بحالی کے خلاف یوم احتجاج منانے کا فیصلہ کیا۔ مولانا فضل الرحمن نے ایم ایم اے کی بحالی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ شوری نے قاضی حسین احمد کی سربراہی میں ملی یکجہتی کونسل کے اجلاس میں شرکت کی اجازت دی ہے۔اجلاس میں ایم ایم اے کی بحالی میں تاخیر کی وجہ جاننے کی کوشش کی جائیگی۔