10 جولائی 2012
وقت اشاعت: 19:34
نیٹو سپلائی کی بحالی ،ن لیگ کا حکومتی فیصلے کو نہ تسلیم کرنے کا فیصلہ
آج نیوز - پاکستان مسلم لیگ ن نے نیٹو سپلائی کی بحالی کے حکومتی فیصلے کو تسلیم نہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے احتجاجاً قومی اسمبلی کے اجلاس سے واک آوٴٹ کردیا۔قومی اسمبلی کے اجلاس میں واک آوٴٹ سے پہلے مسلم لیگ ن کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر سردار مہتاب عباسی نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ امریکہ کی جانب سے باقاعدہ معافی نہ مانگنے کے باوجود نیٹو سپلائی کی بحالی شرمناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے قوم کو اعتماد میں لئے بغیر نیٹو سپلائی بحال کی۔ نیٹو سپلائی کی بحالی کا فیصلہ بھی امریکہ کی طرف سے سامنے آیا اور دفاعی کمیٹی کا اجلاس حنا ربانی کھر کے ہیلری کو فیصلے سے آگاہ کئے جانے کے بعد بلایا گیا۔ امریکہ نے نیٹو سپلائی کی بحالی کے ساتھ ہی ڈرون حملہ کر دیا جس سے معصوم پاکستانی شہری جاں بحق ہوئے۔ مہتاب عباسی نے کہا کہ پارلیمنٹ کی سفارشات میں واضح تھا کہ امریکہ سے کوئی زبانی معاہدہ نہیں ہوگا۔ عوام اور پارلیمنٹ کو حکومت کے امریکہ سے کسی معاہدے کا کوئی علم نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیٹو سپلائی کھولنے میں کلیدی کردار وزیر خزانہ حفیظ شیخ نے ادا کیا۔