10 جولائی 2012
وقت اشاعت: 22:0
سینٹ کا اجلاس بد ھ تک ملتوی
آج نیوز - دوہری شہریت سے متعلق بائیسواں ترمیمی بل سینیٹ میں پیش کرنے کیخلاف مسلم لیگ نون اور حکومت کی اتحادی اے این پی نے واک آوٴٹ کیا، رضاربانی اور اعتزاز احسن نے بھی تحفظات ظاہر کر دیئے، بل قائمہ کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا۔سینیٹ کا اجلاس چیئرمین نیئر حسین بخاری کی زیر صدارت ہوا۔ وفاقی وزیرقانون فاروق ایچ نائیک نے دوہری شہریت سے متعلق بائیسواں ترمیمی بل دوہزار بارہ ایوان میں پیش کیا۔ اے این پی کے سینیٹر حاجی عدیل نے تحریک استحقاق پیش کرتے ہوئے کہا کہ جب سینٹ میں اکیسویں ترمیم نہیں پیش کی گئی تو بائیسویں کیسے آ گئی۔ وزیرقانون نے کہا کہ کل قومی اسمبلی میں اکیسویں آئینی ترمیم پیش کی گئی تھی۔ مسلم لیگ نون نے بل کی سخت مخالفت کی۔ ظفرعلی شاہ نے کہا کہ بحث کے بغیر بل قائمہ کمیٹی کے سپرد کرنا خلاف آئین ہے، اس کے بعد نون لیگ اور اے این پی ایوان سے واک آوٴٹ کر گئیں۔ سینیٹر رضا ربانی نے بھی بل پر تحفظات کا اظہار کیا۔سینیٹر اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ امریکا کا شہری بنتے وقت دوسرے ملک کی شہریت چھوڑنے اور امریکہ کیلئے لڑنے کا حلف اٹھانا پڑتا ہے۔ حکومت نے کیسے امریکا کے ساتھ دوہری شہریت کا معاہدہ کر رکھا ہے۔ اس کے بعد بل متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کرتے ہوئے سینیٹ کا اجلاس بدھ کی شام تک ملتوی کر دیا گیا۔