11 جولائی 2012
وقت اشاعت: 19:13
بابر اعوان بھی توہین عدالت کے نئے قانون کے مخالف نکلے
آج نیوز - سابق وفاقی وزیر قانون بابر اعوان نے توہین عدالت کے نئے قانون کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی منشی نے ایک بار پھر حکومت کو غلط مشورہ دیا ہے، میرے خلاف عدالتی انکوائری غیر آئینی ہے۔ جسٹس اعجاز افضل اور جسٹس اطہر سعید پر مشتمل سپریم کورٹ کے دو رکنی بنچ نے بابر اعوان توہین عدالت کیس کی سماعت کی۔ بابر اعوان نے دلائل دیتے ہوئے مئوقف اختیار کیا کہ وہ توہین عدالت کے نئے قانون کی حمایت نہیں کرتے، کسی منشی نے حکومت کو غلط مشورہ دیا ہے، تاہم انہوں نے کہا کہ عدالت ان کے خلاف انکوائری نہیں کر سکتی، ایسا کرنا غیر آئینی ہے۔ بابر اعوان نے کہا کہ عدلیہ کی حمایت یا مخالفت میں جلسے جلوس بھی توہین عدالت کے زمرے میں آتے ہیں، عدلیہ نے اپنی کارروائی خود کرنا ہوتی ہے اسے کسی کی حمایت کی ضرورت نہیں۔ بابر اعوان نے کہا کہ ان کے خلاف شکایت کنندہ کو بھی عدالت میں بلایا جائے۔ جسٹس اعجاز افضل نے ریمارکس دئے کہ آپ پرانے دلائل دہرا رہے ہیں،جو کہ ہمارے پاس نوٹ ہیں کوئی نئی بات کریں۔ انہوں نے کہا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والا کوئی بھی مقدس گائے نہیں ہے۔ بابراعوان نے کہاکہ میڈیا میں انکا چھ ماہ سے ٹرائل ہورہا ہے، عدالت ایک بھی ایسا کیس بتادے جس میں معافی مانگنے پر عدالت نے معاف نہ کیا ہو۔ بابر اعوان کے دلائل ابھی جاری تھے کہ کیس کی سماعت کل تک ملتوی کردی گئی۔