11 جولائی 2012
وقت اشاعت: 21:10
بی پی ایل:کھلاڑیوں کو اگلے ایڈیشن میں شرکت نہ کرنے کا مشورہ
آج نیوز - فیڈریشن آف انٹرنیشنل کرکٹرز ایسوسی ایشن نے بنگلہ دیش پریمئیرلیگ کی جانب سے بقیہ رقم ادا نہ کئے جانے پرکھلاڑیوں کولیگ کے اگلے ایڈیشن میں شرکت نہ کرنیکا مشورہ دیا ہے۔رواں سال فروری میں ہونے والی بنگلہ دیش پریمئیر لیگ کے ابتدائی ایڈیشن میں شاہد آفریدی اور کرس گیل جیسے نامور کھلاڑیوں نے حصہ لیا تھا لیکن کچھ کھلاڑیوں کو معاہدوں کے مطابق بقیہ رقم کی ادائیگی نہیں کی گئی ہے۔ فیڈریشن آف انٹرنیشنل کرکٹرز ایسوسی ایشن کے چیف ایگزیکٹو ٹم مے کا کہنا ہے کہ بارہ ایسے غیرملکی کھلاڑی ہیں جنہیں اب تک رقم کی مکمل ادائیگی نہیں ہوئی جو چھ لاکھ ڈالرز بنتی ہے۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ اور فرنچائزز دو ماہ سے معاہدے کی خلاف ورزی کررہی ہیں، ادائیگی کے لئے بی سی بی وعدے تو کرتا رہا لیکن عملی اقدامات نہیں گئے گئے۔ فیکا کا کہنا ہے کہ رقوم کی ادائیگی نہ ہونے کی صورت میں کھلاڑی مستقبل میں ہونے والی بی پی ایل میں حصہ نہ لیں۔ دوسری جانب بی پی ایل کے سیکرٹری سراج الدین محمد عالمگیر نے ٹم مے کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ صرف ستر ہزار ڈالرز واجب الاادا ہیں وہ بھی جلد ادا کردئیے جائیں گے۔