12 جولائی 2012
وقت اشاعت: 19:4
بھارت انفرادی دہشتگردی میں حکومت کو ملوث نہ کرے، رحمان ملک
آج نیوز - مشیر داخلہ رحمان ملک نے خبردار کیا ہے کہ بھارت انفرادی دہشت گردی میں حکومت کو ملوث نہ کرے، تنازعات حل نہ ہوئے تو تیسری عالمی جنگ اسی خطے میں ہوگی۔ اسلام آباد میں ساؤتھ ایشیا اسٹریٹجک اسٹیبلٹی انسٹیٹیوٹ کے تحت جوہری توانائی کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مشیر داخلہ نے کہا کہ بلیم گیم کا خاتمہ ہونا چاہئے، ممبئی حملے میں اٹلی، امریکا اور روس میں مواصلاتی نیٹ ورک استعمال ہوا۔ یقین ہے کہ ممبئی حملہ کرنے والوں کو بھارت کے اندر سے بھی سپورٹ تھی۔ رحمان ملک نے کہا کہ بھارت بھی جوہری کمانڈر اینڈ کنٹرول اتھارٹی کو پاکستان کی طرح قانون کے دائرے میں لائے اور دنیا جوہری معاملے میں پاکستان کے ساتھ امتیازی سلوک نہ کرے۔ عالمی برادری کا بھارت کے ساتھ جوہری تعاون آئی اے ای اے کے قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ مشیر داخلہ نے کہا کہ افغان جنگوں کے باعث پاکستانی معیشت تباہ ہو کر رہ گئی ہے اور تاحال ہم اپنے پاؤں پر کھڑے نہیں ہو سکے تاہم پاکستانی عوام صورتحال کا جرات سے مقابلہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں خود کش دھماکے تقریبا ختم ہو چکے ہیں اس میں علما اور ایجنسیوں نے اہم کردار ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا میں تنازعات حل نہ ہونے اور دفاعی طاقت کے توازن میں خرابی سے تیسری عالمی جنگ چھڑ سکتی ہے۔