12 جولائی 2012
وقت اشاعت: 19:53
صدر نے توہین عدالت کے ترمیمی بل پر دستخط کر دیئے
آج نیوز - توہین عدالت کا ترمیمی بل دو ہزار بارہ باقاعدہ پاکستانی قانون کا حصہ بن گیا، صدارتی ترجمان فرحت اللہ بابر کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے توہین عدالت کے ترمیمی بل دو ہزار بارہ پر دستخط کر دیئے ہیں جس کے بعدتوہین عدالت کا ترمیمی بل دو ہزار بارہ باقاعدہ پاکستانی قانون کا حصہ بن گیا ہے۔ بل کی منظوری کے بعد صدر مملکت، وزیراعظم، وزرائے اعلیٰ، وفاقی وزراء اور وزراء مملکت توہین عدالت سے مستثنیٰ ہوں گے۔ توہین عدالت کے ترمیمی بل کی دس جولائی کو قومی اسمبلی جبکہ گزشتہ روز سینیٹ نے بھی منظوری دے دی تھی۔ ترمیمی بل کے متن کے مطابق عدالت استثنیٰ رکھنے والوں کے خلاف کارروائی نہیں کر سکتی جبکہ عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل کے حق کی مدت تیس دن سے بڑھا کر ساٹھ دن کر دی گئی ہے۔ ججز کے بارے میں دلائل کی بنیاد پر بات کرنے اور عدالتی فیصلوں کے بارے میں مناسب الفاظ میں تبصرہ کرنے پر بھی توہین عدالت لاگو نہیں ہو گی۔ عدالت توہین عدالت کرنے والے کو حراست میں لینے کا حکم دے سکتی ہے تاہم ملزم کو اسی روز ضمانت پر رہا کر دیا جائے گا بعد میں مقدمہ چلنے پر مزید سزا دی جا سکتی ہے۔