12 جولائی 2012
وقت اشاعت: 20:25
وزیراعظم فوری طور پر سوئس حکام کو خط لکھیں، سپریم کورٹ کا حکم
آج نیوز - سپریم کورٹ نے این آر او عملدرآمد کیس میں وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کو فوری طور پر سوئس حکام کو خط لکھنے کا حکم دیتے ہوئے پچیس جولائی تک جواب عدالت میں داخل کرانے کی ہدایت کر دی۔ این آر او عملدرآمد کیس کی سماعت سپریم کورٹ کے پانچ رکنی بنچ نے کی۔ وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے عدالت میں جواب داخل کرایا تھا کہ سوئس حکام کو خط لکھنے کے معاملے پر غور کے لئے وقت دیا جائے۔ جسے عدالت نے مسترد کردیا۔ عدالت کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے کے مطابق عدالت نے وزیراعظم کو فوری طور پر سوئس حکام کو خط لکھنے کا حکم دیا ہے۔ عدالت کا کہنا ہے کہ حکم دیا تھا کہ سوئس حکام کو خط لکھنے کے لئے سمری کی ضرورت نہیں، وزیراعظم ہر حال میں عدالتی حکم پر عملدرآمد کے پابند ہیں، نئے وزیراعظم ہدایات پر من و عن عملدرآمد کریں۔ عدالت نے کہا کہ حکم پر عمل نہ کرنے پر یوسف رضا گیلانی کو توہین عدالت کا نوٹس جاری ہوا، عدالتی احکامات موجودہ چیف ایگزیکٹو پر بھی لاگو ہوتے ہیں، عدالت قرار دے چکی ہے کہ وزیراعظم کے پاس عدالتی حکم پر عمل کے علاوہ کوئی چارہ نہیں۔ عدالت کا کہنا تھا کہ حکومتی ذمہ دار آرٹیکل دو سو اڑتالیس کا حوالہ دے کر بیان بازی کرتے ہیں، اگر کسی کو آرٹیکل دو سو اڑتالیس کا استثنیٰ چاہئے تو وہ عدالت میں پیش ہو۔ بعد میں سپریم کورٹ نے این آر او عملدرآمد کیس کی سماعت پچیس جولائی تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر وزیراعظم کو عدالتی حکم پر عمل کی رپورٹ جمع کرانے کا حکم دے دیا۔