12 جولائی 2012
وقت اشاعت: 20:42
کوئٹہ :ڈاکٹر سمیت سات مغوی کان کنوں کی لاشیں برآمد
آج نیوز - کوئٹہ کے نواحی علاقے سے ڈاکٹر سمیت سات مغوی کان کنوں کی لاشیں ملی ہیں۔ماڑواڑ میں سات مغوی کان کنوں کے قتل کے خلاف پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے بلوچستان ہائیکورٹ کے باہر احتجاج۔ چیف جسٹس آف پاکستان نے کوئٹہ میں سات مغویوں کی لاشیں ملنے کے واقعے کا نوٹس لے لیا۔مقتولین کو پانچ روز قبل سوریج کے علاقے سے نامعلوم افراد نے اغوا کیا تھا۔ تمام مغوی کان کنوں کا تعلق خیبر پختون خوا کے علاقے سوات سے ہے۔ برآمد ہونے والی لاشوں کی شناخت احمد اللہ، کاشر خان، خان محمد، محمد نواز، عبدالاحد اور محمد اکبر کے نام سے ہوئی ہے۔ مقامی مائنز کمپنی کے مطابق چھ کان کنوں اور ڈسپنسری میں موجود ایک ڈاکٹر کو نامعلوم افراد اغوا کر کے لے گئے تھے۔ دوسری جانب ماتن ورکرز ایسو سی ایشن اورپشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے کارکن مغویوں کی لاشیں لے کر بلوچستان ہائیکورٹ پہنچے۔ حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور دھرنا دے کر بیٹھ گئے۔ ماتن ورکرز ایسو سی ایشن اورپشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے بلوچستان ہائیکورٹ کے باہر احتجاج اور قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ ادھر سپریم کورٹ رجسٹری کوئٹہ میں بلوچستان بدامنی کیس کے دوران چیف جسٹس پاکستان افتخار محمد چوہدری نے سات کان کنوں کی ہلاکت کے خلاف احتجاج کا فوری نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکریٹری سے جواب طلب کرلیا۔ چیف جسٹس پاکستان نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ حکومت عوام کے جان ومال کے تحفظ میں ناکام ہو گئی ہے۔ آئی جی ایف سی میجر جنرل عبیداللہ خٹک نے کہا ہے کہ کوئٹہ کے علاقے ماڑوار میں سات بے گناہ افراد کا قتل انسانیت سوز حرکت ہے۔ دہشتگردوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔