12 جولائی 2012
وقت اشاعت: 20:58
بلوچستان بد امنی کیس سماعت ،مغوی محمود الحسن کو پیش کرنے کی ہدایت
آج نیوز - سپریم کورٹ کوئٹہ رجسٹری میں بلوچستان بد امنی کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے بلوچستان پولیس کو ہدایت کی ہے کہ کل ہر صورت میں مغوی محمود الحسن کو عدالت میں پیش کیا جائے۔ چیف جسٹس نے کہا ہے کہ پولیس کو سب معلوم ہے اغوا کار کون ہیں۔سپریم کورٹ کوئٹہ رجسٹری میں بلوچستان بد امنی کیس کی سماعت جاری ہے۔ عدالت میں آئی جی بلوچستان بھی پیش ہوئے، چیف جسٹس نے کہا کہ آئی جی صاحب ہمارے اوپر رحم کریں بتائیں مغوی کہاں ہیں، پولیس کو سب معلوم ہے اغوا کار کون ہیں، لوگوں کا پیسے دے کر مغویان کو رہا کروانا پولیس کیلئے چیلنج ہے، چیف جسٹس نے کہا کہ آئی جی صاحب آپ کو پولیس کے وجود کو ثابت کرنا چاہیے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ پولیس کی رٹ ہے کسی جگہ پر، کسی کو پولیس کا ڈر خوف ہے کہ نہیں۔ چیف جسٹس کی پولیس حکام کو ہدایت کی کہ ظفر زہری کے خلاف ایف آئی ار منسوخ کرکے تفصیلات سے عدالت کو آگاہ کیا جائے۔