15 جولائی 2012
وقت اشاعت: 12:21
اپنی ٹانگیں گنوا کر طالبعلم نے خودکشی کرنیوالے شخص کو بچالیا
آج نیوز - چین میں ریلوے پولیس کالج کے ایک طالب علم نے ٹرین کے سامنے آکر خودکشی کی کوشش کرنے والے شخص کو بچالیا مگر خود دونوں ٹانگوں سے محروم ہوگیا۔ لی بویا نامی یہ بہادر نوجوان ڑینگ ڑو کے ریلوے پولیس کالج کا طالب علم ہے۔ ریلوے اسٹیشن پر گھومتے ہوئے اس نے ایک شخص کو ریلوے ٹریک پر دیکھا جو سامنے سے آنے والی ٹرین کے نیچے آکر خودکشی کرنا چاہتا تھا۔ لی بویا کے دماغ نے بروقت کام کیا اور اس نے بھاگ کر اس شخص کو ٹرین کے سامنے آنے سے بچانے کے لئے دھکا دیا تاہم اس کوشش میں دونوں تیز رفتار ٹرین کی زد میں آگئے۔ جس کے نتیجے میں لی بویا اپنی دونوں ٹانگوں سے محروم ہوگئے جبکہ دوسرے شخص کو بھی شدید چوٹیں آئی ہیں۔ ریلوے پولیس کالج کی انتظامیہ نے اس بہادر طالب علم کی کوشش کا اعتراف کرتے ہوئے اسے ہیرو کا خطاب دیا ہے اور اس کے علاج اور مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔