15 جولائی 2012
وقت اشاعت: 19:46
ن لیگ نے منشور کی تیاری شروع کردی
آج نیوز - مسلم لیگ نون کے صدر نواز شریف نے پارٹی کی منشور کمیٹی کو غربت، مہنگائی، بیروزگاری کے خاتمے کے لئے سفارشات مرتب کرنے کی ہدایت کر دی۔لاہور میں مسلم لیگ نون کی منشور کمیٹی کا اجلاس سرتاج عزیز کی زیرصدات ہوا، جس میں قومی ایجنڈے کے نام سے تجاویز پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں توانائی، سماج، ثقافت، صحت اور امن عامہ سے متعلقہ ماہرین سمیت پارٹی رہنماوٴں نے شرکت کی۔ اجلاس کے شرکاء کے نام پیغام میں نواز شریف نے کہا کہ پاکستانی عوام کو درپیش مسائل کا حل صرف معیشت کو مضبوط بنانے میں پوشیدہ ہے۔ نواز شریف نے کہا کہ عوام توقع رکھتے ہیں کہ مسلم لیگ نون ہی ملک کو اندھیروں سے نکال کر ترقی اور کامیابی کی منزل کی طرف رواں دواں کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کو روزگار اور امن کا ماحول فراہم کرنا انکی جماعت کی اولین ترجیح ہے۔