16 جولائی 2012
وقت اشاعت: 18:27
پاکستان کیخلاف سیریز کیلئے بھارت نے گرین سگنل دیدیا
آج نیوز - بھارتی بورڈ پاکستان سے پانچ سال بعد کرکٹ سیریز کھیلنے پر آمادہ ہوگیا۔ قومی ٹیم رواں سال کے آخر میں پڑوسی ملک کا دورہ کرے گی۔ پاکستان اوربھارت کے درمیان پانچ سال بعد کرکٹ تعلقات بحال ہوگئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھاتری حکومت نے پاکستان کے خلاف سیریز کے لئے بی سی سی آئی کو گرین سگنل دے دیا ہے۔ قومی ٹیم تین میچز کی سیریز کھیلنے کے لئے رواں سال دسمبر میں بھارت کا دورہ کرے گی۔ سیریز کے شیڈول کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ پاکستانی ٹیم آخری مرتبہ دوہزار سات میں بھارت گئی تھی۔ دونوں ممالک کے درمیان پانچ سال بعد کوئی سیریز منعقد ہوگی۔ دوہزار آٹھ میں ممبئی حملوں کے بعد سے پاک بھارت سیریز تعطل کا شکار تھی۔ روٹیشن پالیسی کے تحت دوہزارنومیں بھارتی ٹیم کو پاکستان آنا تھا تاہم چھبیس نومبردوہزارآٹھ میں ممبئی حملے کے بعد بھارت نے پاکستان کے ساتھ سیریز کھیلنے سے منع کیا۔ گرین شرٹس آخری مرتبہ دوہزار گیارہ میں ہونے والے عالمی کپ کا سیمی فائنل کھیلنے کے لئے بھارت گئے تھے۔ سیمی فائنل دیکھنے کے لئے پاکستان کے سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی بھی موہالی میں موجود تھے۔ اور انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان سیریز کی بحالی پر بھی زور دیا تھا۔ رواں سال صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے ایک روزہ دورہ بھارت میں کرکٹ سیریز کے حوالے سے بات کی تھی۔ جبکہ رواں ماہ نئی دہلی میں دونوں ممالک کے سیکریٹری خارجہ مذاکرات میں بھی کرکٹ سیریز کے حوالے سے غور کیا گیا جو کہ فیصلہ کن ثابت ہوئی۔