16 جولائی 2012
وقت اشاعت: 23:48
نیشنل پریس کلب میں فیملی فیسٹیول کا انعقاد
آج نیوز - نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں رنگا رنگ فیملی فیسٹیول کا انعقاد ، صحافیوں اور ان کے اہل خانہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی، بچوں کی شرارتوں اور مسکراہٹوں نے تقریب کو چار چاند لگا دیئے۔فیملی فیسیٹول میں راولپنڈی اسلام آباد کے شعبہ صحافت سے تعلق رکھنے والے افراد اور ان کے اہل خانہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر موسیقی اور پینٹنگز کے مقابلے بھی کرائے گئے جن میں بچوں نے گرم جوشی سے حصہ لیا،ریچھ کے ناچ اور جوکر کی حرکتوں نے تو بچوں کے دل جیت لئے۔ فیملی فیسٹیول میں سیب کھانے سمیت دیگر دلچسپ مقابلے بھی ہوئے جن میں بچوں کی دلچسپی دیدنی تھی۔ فیسیٹول کے دوران کھانے پینے کے سٹالز بھی موجود تھے۔ مہندی اور فیس پینٹنگ کے سٹالز پرخواتین اور بچوں کا ہجوم دیکھنے میں آیا۔فیسٹیول میں چھوٹے بچوں کے لئے لگائے گئے بے بی ہاوٴس اور میجک شو کو بھی بچوں نے خوب انجوائے کیا۔ تقریب میں راولپنڈی اور اسلام آباد کے فنکاروں نے بھی شرکت کی اور اپنی ایواز اور اداکاری سے شرکاء کو خوب متاثر کیا،تقریب کے دوران مہمان خصوصی رکن اسمبلی روبینہ سعادت قائم خوانی نے مقابلے جیتنے والے بچوں میں انعامات تقسیم کیے۔ روبینہ سعادت قائم خوانی نے کامیاب فیسیٹول کے انعقاد پر صدر نیشنل پریس کلب اسلام آباد فاروق فیصل خان کو مبارکباد بھی دی اور امید ظاہر کی کہ نیشنل پریس کلب ایئندہ بھی ایسی تقریبات کا انعقاد جاری رکھے۔