18 جولائی 2012
وقت اشاعت: 1:12
جعلی ادویات کیخلاف ملک گیر آپریشن کا فیصلہ
آج نیوز - وفاقی حکومت کا غیر رجسٹرڈ اور جعلی ادویات کے خلاف ایک ہفتے میں ملک گیر آپریشن کرنے کا فیصلہ کرلیا،وزیر برائے ریگولیشنز اینڈ سروسز فردوس عاشق اعوان کہتی ہیں کہ ادویات کی قیمتوں کے تعین کے لئے ڈرگ پرائزنگ پالیسی بنائیں گے۔اسلام آباد میں پریس بریفنگ کے دوران فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ ڈرگ ریگولیشن اتھارٹی کے آرڈیننس میں کی جانے والی ترامیم کا بل آئندہ اسمبلی اجلاس میں پیش کر دیا جائے گا۔ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ جان بچانے والی بانوے ادویات کی قیمتوں میں کمی کی گئی ، ادویہ سازکمپنیوں کو مقرر کردہ قیمتوں پر ادویات فروخت کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جو کمپنی خلاف ورزی کرے گی اس کی رجسٹریشن منسوخ کر دی جائے گی۔ فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ادویات کی قیمتوں کو ریگولیٹ کرنے کے لئے ڈرگ پرائزنگ پالیسی بنائی جارہی ہے، ہومیو، طب اور ہربل ادویات کو بھی رجسٹرڈ کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہیپاٹئٹس کاعلاج مہنگا ترین ہے،اس کی ویکسی نیشن کی قیمتیں بھی کم کر دی گئی ہیں۔صوبائی حکومتوں کے تعاون سے ایک ہپفتہ میں غیر رجسٹرڈ اور جعلی ادویات فروخت کرنے والوں کے خلاف اسلام آباد سے آپریشن کا آغاز کیا جائے گا جبکہ غیر رجسٹرڈ میڈیکل کالجز کے خلاف بھی کاروائی کی جائے گی۔