18 جولائی 2012
وقت اشاعت: 19:35
کراچی :بھتہ خوری اور اغواء برائے تاوان کی وارداتوں میں اضافہ
آج نیوز - شہرکراچی میں ایک مرتبہ پھر بھتہ خوری اوراغواء برائے تاوان کی وارداتوں میں تیزی آگئی۔ ایک ماہ میں بیس سے زائد تاجروں کی تاوان کے عوض جاں بخشی ہوئی۔ آل کراچی تاجر اتحاد کے مطابق شہر میں بھتہ خوری اوراغواء برائے تاوان کی وارداتیں ایک بار پھر سنگین صورت اختیار کرگئیں۔ ایک ماہ کے دوران بیس سے زائد تاجر اغواء کر لئے گئے، یومیہ دوسو تاجروں کو بھتے کے لئے دھمکی آمیز فون کالز کی جارہی ہیں۔ چیئرمین تاجر اتحاد عتیق میر نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ رمضان المبارک سے قبل ہی شرپسند عناصر کے خلاف موٴثر کاروائی کی جائے۔فوم اور ریگزین مارکیٹ کے تاجروں کا کہنا ہے کہ شہر کے بیشتر بازاروں میں بھتے کیلئے پرچی اور دھمکی آمیز فون کئے جارہے ہیں۔ تاجروں کا مطالبہ ہے کہ حکومت کاروباری سرگرمیاں جاری رکھنے کیلئے امن و امان کو یقینی بنائے۔موٹر سائیکل مارکیٹس کے تاجروں کا کہنا ہے کہ شہر کے مخدوش حالات کے باعث مقامی خریداروں کے ساتھ ساتھ اندورون سندھ کے خریداروں میں بھی نمایاں کمی ہوئی ۔تاجروں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ امن و امان کے مسئلے کو ترجیحی بنیاد پرحل کیا جائے۔