20 جولائی 2012
وقت اشاعت: 19:18
کراچی سی آئی ڈی نے 11 افراد کی گرفتاری ظاہر کر دی
آج نیوز - کراچی سی آئی ڈی نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے رکن اور ایک ٹارگٹ کلر سمیت گیارہ افراد کی گرفتاری ظاہر کردی ادھر یونیورسٹی روڈ سے برآمد ہونے والے بم کو ناکارہ بنا کر دہشت گردی کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ بم ڈسپوزل یونٹ نے رپورٹ ارسال کردی۔ سی آئی ڈی کی مخصوص ٹیموں نے شہر کے تین مختلف علاقوں میں کارروائی کی جہاں سے مجموعی طور پر گیارہ افراد گرفتار کئے گئے جن کے قبضے سے چھ ٹی ٹی پستول، چھ نائن ایم ایم پستول اور بڑی تعداد میں کارتوس برآمد ہوئے۔ ایس ایس پی سی آئی ڈی محمد اسلم خان کے مطابق گرفتار ملزمان میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا ایک رکن نصیب اللہ عرف موسٰی بھی شامل ہے جب کہ ایک کارروائی میں محبوب علی نامی شخص گرفتار ہوا جس نے دوران تفتیش پندرہ افراد کے قتل کا اعتراف کیا ہے۔ ان کے علاوہ گرفتار نو افراد ایسے ہیں جو ڈکیتی، رہزنی، اسٹریٹ کرائم سمیت اور جرائم کی دیگر وارداتوں ملوث رہے ہیں۔ ادھر یونیورسٹی روڈ سے برآمد ہونے والے بم کو ناکارہ بنا کر دہشت گردی کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔پندرہ کلو گرام وزنی بم صفورہ چورنگی کے قریب یونیورسٹی روڈ پر واقع نجی اسکول کی بیرونی دیوار کے ساتھ نصب تھا۔ جس کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے علاقے کا گھیراؤ کیا اور بم ڈسپوزل یونٹ کو طلب کرلیا۔ بم ڈسپوزل یونٹ نے موقع پر پہنچ کر بم کا مکمل جائزہ لیا اور انتہائی مہارت کے ساتھ اسے ناکارہ بنادیا۔ بم کو پھاڑنے کے لئے دو ڈیٹونیٹر نصب کئے گئے تھے۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے بتایا کہ صفورہ سے برآمد ہونے والا بم چہلم دھماکے کے بعد جناح اسپتال اور گزشتہ دنوں سچل رینجرز کے ہیڈ کواٹر سے برآمد ہونے والے بموں سے مماثلت رکھتا ہے۔