21 جولائی 2012
وقت اشاعت: 0:2
توہین عدالت قانون میں ترمیم کی کچھ شقوں پر اختلاف ہے، عاصمہ
آج نیوز - سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی سابق صدر عاصمہ جہانگیر نے کہا ہے کہ توہین عدالت کے قانون میں ترمیم کی کچھ شقوں پر اختلاف ہے، دوہری شہریت کا معاملہ آئین میں ترمیم کے بغیر حل نہیں ہوسکتا۔ لاہور میں ایک تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عاصمہ جہانگیر کا کہنا تھا کہ یہ بحث بیکار ہے کہ کون بالادست ہے کیوں کہ قانون سازی کرنا پارلیمنٹ کا کام ہے اور سپریم کورٹ بنیادی حقوق کے خلاف کسی بھی قانون کو ختم کرسکتی ہے ان کا کہنا تھا کہ آئین نے استثنیٰ صرف صدر اور گورنرز کو دیا ہے۔ عاصمہ جہانگیر نے مزید کہا کہ بحال عدلیہ نے کچھ ججز اور ایک وزیراعظم کو توہین عدالت کے قانون کے تحت ہٹایا ہے اب عدلیہ کو بھی دیکھنا چاہئے کہ اس قانون کو کس طرح استعمال کرنا ہے۔ سپریم کورٹ بار کی سابق صدر کا کہنا تھا کہ دوہری شہریت کے قانون میں تبدیلی کے لئے آئین میں ترمیم کرنا ہوگی اور تاریخ گواہ ہے کہ کسی ایک شخص کے لئے تبدیل کیا جانے والا قانون دیرپا نہیں ہوتا۔