21 جولائی 2012
وقت اشاعت: 14:36
ملک بھر میں رمضان المبارک کا آغاز، مہنگائی نے ہوش اڑا دیئے
آج نیوز - ملک بھر میں آج رمضان المبارک کا پہلا روزہ ہے تاہم تراویح اور سحری میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کے حکومتی دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔ ملک کے بیشتر شہروں میں تراویح اور سحر کے دوران بھی لوڈشیڈنگ کی گئی۔ کراچی، پشاور، لاہور، کوئٹہ سمیت کئی شہروں میں تراویح کے موقع پر لوڈشیڈنگ سے نمازیوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ سحری میں بھی لوڈشیڈنگ کے عذاب نے شہریوں کو پیچھا نہیں چھوڑا۔ لوڈشیڈنگ کے باعث کئی مقامات پر خواتین خانہ کو سحری کی تیاری میں مشکلات کا سامنا رہا۔ پیپکو کے مطابق بجلی کی کمی کے باعث شہروں میں آٹھ سے دس جبکہ دیہات میں چودہ سے سولہ گھنٹے بجلی کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے تاہم وفاقی حکومت نے اعلان کیا تھا کہ سحر، افطار اور تراویح کے موقع پر لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی۔ حکومت کا یہ وعدہ بھی وفا نہیں ہوسکا۔