21 جولائی 2012
وقت اشاعت: 20:19
فیصل آباد:رمضان المبارک ، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ
آج نیوز - فیصل آباد میں انتظامیہ کے دعوے دھرے رہ گئے، رمضان المبارک شروع ہوتے ہی ضروری اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا۔فیصل آباد میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو ہر ممکن کنٹرول کرنے کی باتیں ضلعی پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاسوں تک محدود رہیں اور مارکیٹ میں اشیاء کی قیمتیں بڑھ گئیں۔بکرے کے گوشت کی قیمت چالیس روپے فی کلو اور گائے کا گوشت پچیس روپے کلو مہنگا ہوگیا،جبکہ سبزیوں،پھلوں، دالوں،آٹے اور چاول کی قیمتوں میں بیس سے تیس روپے کلو کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔بات یہیں ختم نہیں ہوتی،مفاد پرستوں نے ضرورت زندگی کی اشیاء بڑے پیمانے پر ذخیرہ کر لی ہیں،تاکہ رمضان المبارک میں زیادہ سے زیادہ منافع کماسکیں۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شہر میں پچیس مختلف مقامات پر رمضان بازار لگائے گئے ہیں،جہاں قیمتوں میں نمایاں کمی ہے،لیکن اوپن مارکیٹ میں اشیاء مہنگی ہیں۔ڈی سی او فیصل آباد کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کے افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں عام مارکیٹ میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں پر گہری نظر رکھیں اور منافع خوروں کا گھیرا تنگ کریں۔منافع خوروں اور زخیرہ اندوزوں کیخلاف بھرپور کارروائی کی جائے،تاکہ ماہ صیام میں صارفین کو ریلیف مل سکے۔