21 جولائی 2012
وقت اشاعت: 21:26
برمنگھم: قومی ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ آج ختم ہوجائے گا
آج نیوز - برمنگھم میں قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ آج ختم ہوجائے گا، پاکستان ٹیم کل اولمپک ویلج منتقل ہوجائے گی۔ اولمپکس کی تیاریوں کے لیے پاکستان ہاکی ٹیم کا برمنگھم میں جاری تربیتی کیمپ آج اختتام پذیر ہوجائے گا جس کے بعد قومی ٹیم کے کھلاڑی اتوار کو لندن اولمپک ویلج منتقل ہو جائیں گے۔ پاکستان ٹیم لندن اولمپک گیمز میں تیس جولائی کو اپنا پہلا میچ اسپینش ٹیم کے خلاف کھیلے گی۔ پاکستان ہاکی ٹیم کے کوچ خواجہ جنید احمد کے مطابق اولمپک گیمز کے لیے ہم نے تیاری مکمل کرلی ہے۔ کھلاڑی برمنگھم میں سخت تربیت کی بدولت ردہم میں آرہے ہیں۔ ریحان بٹ ، شکیل عباسی، وسیم احمد اور سہیل عباس جیسے تجربہ کار کھلاڑی ذمے داری کے ساتھ کھیل گئے تو اچھی پوزیشن پر آنا ممکن ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا پہلا ہدف سیمی فائنل میں جگہ بنانا ہے۔ خواجہ جنید کا کہنا تھا کہ نیلی آسٹرو ٹرف پر کھلاڑیوں کو تجربہ مل گیا ہے اولمپک میں یہ ٹراف ہمارے لیے مسئلہ نہیں بنے گی۔