22 جولائی 2012
وقت اشاعت: 22:12
رمضان :آٹے کی قیمت میں دو روپے فی کلو اضافہ
آج نیوز - ایک جانب حکومت سندھ رمضان المبارک میں آٹے پر ڈھائی ارب روپے سبسڈی فراہم کررہی ہے تو دوسری طرف فلورملزمالکان نے آٹے کی فی کلو قیمت میں دو روپے اضافہ کردیا۔رمضان ریلیف پیکج دوہزار بارہ کے تحت سندھ فوڈ ڈیپارٹمنٹ نے آٹے پرڈھائی ارب روپے کی سبسڈی فراہم کرتے ہوئے دو لاکھ ٹن گندم ملرز کو رعایتی نرخ پر فراہم کی ہے۔ سندھ حکومت نے ملرز کو آٹے کی فی کلو قیمت تئیس روپے مقرر کرنے کا پابند کیا تھا تاہم عالمی مارکیٹس میں گندم کی قیمت میں اضافے پر برآمدی آرڈرز بڑھنے اورگندم کی طلب میں اضافے پر ملرز نے فی کلو آٹے کے نرخ میں دوروپے اضافہ کردیا ہے۔ اس وقت ڈھائی نمبر آٹے کا دس کلوتھیلا تین سو کے بجائے تین سو بیس روپے، پچاس کلو آٹے کا تھیلا اسی روپے اضافے سے پندرہ سواسی روپے اور پچاس کلو فائن آٹے کی بوری بھی سولہ سو پچھتر روپے میں فروخت ہورہی ہے۔