23 جولائی 2012
وقت اشاعت: 0:23
کراچی :رمضان،بچت بازار مذاق بن گئے
آج نیوز - کراچی میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے کھولے گئے بچت بازارمذاق بن کر رہ گئے۔ گراں فروشوں کی من مانیاں عروج پر ہیں۔ کہتے ہیں کم قیمت میں، کم درجے کا مال ہی ملے گا۔ اتوار بچت بازار ویسے تو عوام کی سہولت کیلیے کھولے جاتے ہیں لیکن منافع خور ہر جگہ اپنا کام دکھا جاتا ہے۔ مقامی حکومت نے اپنی پھرتی جھاڑی اور کیا دکانداروں کو سستی اشیاء بیچنے پر مجبور لیکن وہ گراں فروش ہی کیا جو فن نہ جانے۔ اس کا توڑ انہوں نے یہ نکالا کہ معیاری کی بجائے گلی سڑی اشیاء بیچنا شروع کردیں اور یہ بھی بتادیا کہ وہ ایسا کیوں کر رہے ہیں۔جی ہاں، ایک تو چوری، اوپر سے سینہ زوری، یہی نہیں بلکہ ایک اسٹال مالک کو جب پھلوں کے مقررہ نرخ میں منافع کم نظر آیا تو انہوں نے انہیں بچت بازار میں بیچنے سے ہی انکار کردیا۔ماہ رمضان میں بچت بازاروں میں پھیلی یہ کرپشن صرف مالی ہی نہیں بلکہ اخلاقی بھی ہے۔ عوام کی شکایات کا ازالہ نہ کیا گیا تو ان بازاروں کی رونقیں بھی بہت جلد ماند پڑنے کا اندیشہ ہے۔