23 جولائی 2012
وقت اشاعت: 10:48
ملتان: نوجوان کا پانی سے موٹرسائیکل چلانے کا کامیاب تجربہ
آج نیوز - ملتان کے ضلع لودھراں کے رہائشی گریجویٹ نوجوان نے پانی سے موٹر سائیکل چلانے کا کامیاب تجربہ کرکے دنیا کو حیران کردیا۔ ملتان کے ضلع لودھراں کے علاقے شاہ نال کے رہائشی نوجوان وسیم نے دوہزار دس میں کمپیوٹر سائنس میں گریجویشن کی اور سائنس کی دنیا سے وابستہ تجربات شروع کردیئے اور تین سال کی محنت کے بعد اس نے پانی کے ذریعے موٹرسائیکل کو چلانے کا کامیاب تجربہ کیا۔ محمد وسیم کا کہنا ہے کہ پانی سے موٹرسائیکل چلانے کے تجربے میں الیکٹرو لیسز میتھڈ اپلائی نہیں کیا گیا بلکہ ایک نئے طریقے سے واٹر مالیکیول کو توڑ کر ہائیڈروجن گیس حاصل کرکے موٹر سائیکل چلائی ہے جس میں بیٹری کا ضیاع بھی نہیں ہوگا جو روایتی ایندھن سے زیادہ طاقت رکھتی ہے۔ نوجوان کا کہنا تھا کہ اس تجربے کا کامیاب بنانے کے لئے تقریبا تین سال کا عرصہ لگا ہے۔ محمد وسیم کے مطابق ایک لیٹر پانی سے تقریبا ایک سو تیس کلو میٹر سفر کیا جاسکتا ہے۔ وسیم کا کہنا ہے کہ اگر انہیں حکومتی سرپرستی مل جائے تو وہ نہ صرف موٹرسائیکل بلکہ دیگر تمام انجنوں کو بھی پانی پر چلا سکتے ہیں اور اس کے علاوہ پانی کے ذریعے گیس اور بجلی بھی پیدا کرسکتے ہیں۔