23 جولائی 2012
وقت اشاعت: 16:54
کراچی: بھتہ مافیہ سے نمٹنے کیلئے ہیلی کاپٹرز کی مدد لینے کا فیصلہ
آج نیوز - کراچی میں بھتہ مافیہ سے نمٹنے کے لیے ہیلی کاپٹرز کی مدد لینے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ رحمان ملک کہتے ہیں کہ بی ایل اے کراچی کے امن کو بھی تباہ کررہی ہے۔ سینئر مشیر برائے داخلہ رحمان ملک نے گوادر میں کوسٹ گارڈز کے سات اہلکاروں کی شہادت پر اظہار تعزیت کے لیے کراچی میں پاکستان کوسٹ گارڈز ہیڈ کواٹر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ جو عناصر بلوچستان میں بدامنی پھیلارہے ہیں وہی کراچی میں بھی سرگرم ہیں۔ مشیر داخلہ کا کہنا تھا کہ بھتہ مافیا سے نمٹنے کے لیے کراچی میں دو ہیلی کاپٹرز بھیجنے کا کہہ دیا ہے، جو کل تک پہنچ جائیں گے۔ رحمان ملک نے شہداء کے لواحقین کو پندرہ پندرہ لاکھ روپے جبکہ بچوں کو پاکستان کوسٹ گارڈز میں نوکری دینے کا اعلان کیا۔ رحمان ملک نے کہا کہ سات سپاہیوں کی شہادت کے بعد قوم کی آنکھیں کھل جانی چاہیں کہ بلوچستان میں جو کچھ ہورہا ہے اس میں بیرونی ہاتھ ملوث ہے۔