25 جولائی 2012
وقت اشاعت: 17:35
نادرا ملازمین جعلی پاسپورٹ اسکینڈل کے ذمہ دار قرار
آج نیوز - ایف آئی اے نے ابتدائی رپورٹ میں نادرا ملازمین کو جعلی پاسپورٹ اسکینڈل کا ذمہ دار قرار دے دیا، تفتیشی افسر نے چار ملزمان کو عدالت میں پیش کر کے ان کا تین روز کا جسمانی ریمانڈ بھی حاصل کر لیا ہے۔ ایف آئی اے کی جانب سے جعلی پاسپورٹ اسکینڈل کی تفتیش جاری ہے۔ ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کے لئے فراہم کی گئی معلومات ایک جیسی تھیں، فنگر پرنٹ اور تصاویر بھی تبدیل نہیں کی گئیں۔ شخصی ضمانت پر رہا ہونے والے ڈپٹی ڈائریکٹر پاسپورٹ اقبال شاہد اور پانچ خواتین سمیت سات افراد دوبارہ تفتیش میں شامل ہونے کے لئے ایف آئی اے کے دفتر پہنچ گئے۔ نادرا کے چار گرفتار اہلکاروں کو عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے چاروں افراد کو تین روز کے جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کر دیا ہے۔ دوسری طرف ایف آئی اے نے لندن اولمپکس کے نام پر ویزے لگوانے کے الزام میں نزہت صہبا ناز عرف میڈم بابری کے خلاف مقدمہ درج کر کے اسے گرفتار کر لیا ہے۔