3 جولائی 2011
وقت اشاعت: 6:1
خروٹ آباد: ہلاک شدگان کا تعلق دہشت گردوں سے تھا
اے آر وائی - کوئٹہ : خروٹ آباد واقعہ کی عدالتی تحقیقاتی رپورٹ کے کچھ حصے میڈیا کو جاری کردیئے گئے ہیں جن میں بتایا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والے پانچوں غیر ملکیوں کے دہشت گرد تنظیموں سے تعلقات تھے۔
رپورٹ کے صفحہ نمبر بارہ سے انیس اور چوراسی سے صفحہ اٹھاسی تک کے مندرجات میں تحقیقاتی ٹریبیونل نے قرار دیا ہے کہ خروٹ آباد میں ہلاک ہونے والے پانچوں غیر ملکیوں کے دہشت گرد تنظیموں سے تعلقات تھے تاہم پولیس اور ایف سی کے غیر ذمہ دارانہ رویے کی وجہ سے دہشت گردوں تنظیموں تک پہنچنے کا راستہ بند ہوگیا۔
ٹریبیونل نے اپنی رپورٹ میں واقعہ کی بنیادی ذمہ داری پولیس کے ایس اے آئی رضا خان اور ایس ایچ او ائرپورٹ فضل الرحمان کو عائد کرتے ہوئے کہا کہ ایف سی کے کرنل فیصل شہزاد اور سابق سی سی پی او کوئٹہ محمد داؤد جونیجو نے معاملے کو غلط طریقے سے ڈیل کیا آگے بڑھایا۔ ان پانچوں غیرملکیوں کو زندہ گرفتار کیا جاسکتا تھا۔ رپورٹ میں ٹریبونل کے سربراہ جسٹس محمد ہاشم خان کاکڑ نے لکھا کہ ٹریبونل کی کارروائی کے دوران پولیس اہلکار جھوٹے بیانات دیتے رہے۔