8 جولائی 2011
وقت اشاعت: 15:30
عدلیہ مکمل طور سے آزاد ہے، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ
اے آر وائی - لاہور : چیف جسٹس لاہور ہا ئی کورٹ اعجاز احمد چودھری نے کہا ہے کہ عدلیہ مکمل طور پر آزاد ہے کسی جج پر دباؤ نہیں ڈالا جاسکتا.
جوڈیشل اکیڈمی لاہور میں کورس مکمل کرنے والے سول ججز سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے کہا کہ عدالتوں کا زیادہ وقت جھوٹے مقدمات کو نمٹانے میں ضائع ہو جاتا ہے، گواہ حلف اٹھا کر بھی جھوٹ بولتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر سول جج اپنے فیصلے کرنے میں چیف جسٹس کی طرح آزاد ہے.
ججز بغیر ترغیب اور خوف کے آزاد فیصلے کریں۔چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ پاکستان اسلام کے نام پر بنا مگر ہم اسلام سے دور ہوتے جا رہے ہیں، جنہوں نے معاشرے کو ایک کرنا تھا انہوں نے ہی پاکستان کو تفرقے میں مبتلہ کر دیا ۔ تقریب کے آخر میں کورس مکمل کرنے والے 50 سول ججز میں اسناد اور شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں، اس موقع پر جسٹس شیخ عظمت سعید، جسٹس عمرعطا بندیال اور ایڈوکیٹ جنرل سمیت اعلی عدالت شخصیات بھی موجود تھیں۔