تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
20 جولائی 2011
وقت اشاعت: 19:53

زرداری اور سعودی فرمانروا شاہ عبداللہ کی ملاقات

اے آر وائی - جدہ : صدر آصف علی زرداری اور سعودی فرمانروا شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور اقتصادی تعاون پر زیادہ توجہ دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔



دونوں رہنماؤں نے بدھ کو یہاں شاہی محل میں ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات مشرق وسطیٰ و جنوبی ایشیا کی صورتحال اور عسکریت پسندی کے خلاف جنگ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ صدر کے ترجمان فرحت اللہ بابر نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صدر زرداری نے اپنی آمد کے فوری بعد جدہ کے شاہی محل میں شاہ عبداللہ سے 75 منٹ طویل ملاقات کی۔ وزیر داخلہ رحمن ملک اور سعودی وزیر داخلہ شہزادہ نائف بن عبدالعزیز بھی اس موقع پر موجود تھے۔



صدر زرداری نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سیاسی استحکام کا حامی ہے اور تشدد کے خلاف ہے۔ شاہ عبداللہ نے عسکریت پسندی کے خلاف لڑائی میں پاکستان کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا پرعزم دوست ثابت ہوا ہے۔ اس سے قبل صدر آصف زرداری سعودی عرب کے دو روزہ اہم دورے پر بدھ کو یہاں پہنچے تو سعودی عرب کے نائب وزیراعظم اور وزیر داخلہ شہزادہ نائف بن عبدالعزیز السعود، گورنر مکہ شہزادہ خالد الفیصل اور جدہ کے میئر نے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ان کا خیر مقدم کیا۔ سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر محمد نعیم خان، قونصل جنرل عبدالسالک خان، سینئر سعودی پروٹوکول افسران اور دیگر اعلیٰ عہدیداران بھی ہوائی اڈے پر موجود تھے۔



صدارتی ترجمان فرحت اللہ بابر نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صدر مملکت کے دورے کا مقصد دوطرفہ تعلقات کو تقویت دینا اور خطے کے ممالک میں امن، سلامتی اور سیاسی استحکام کے امور پر مشاورتی عمل کو آگے بڑھانا ہے۔ صدر مملکت کا سعودی عرب کا دورہ ایران اور افغانستان کے حالیہ دوروں کے فوری بعد ہو رہا ہے جن کے دوران انہوں نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای، صدر محمود احمدی نژاد اور افغان صدر حامد کرزئی کے ساتھ ملاقاتیں کیں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.