1 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:40
کراچی: فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں 18 افراد جاں بحق
اے آر وائی - کراچی: کراچی میں قیام امن کے لیئے سیاسی جماعتوں کی جانب سے کی جانے والی کوششیں بھی کار آمد ثابت نہ ہوسکیں اور اتوار کے روزسے اب تک اٹھارہ افراد فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
پیر کی صبح کورنگی عوامی کالونی سے ایک شخص کی ہاتھ پاؤں بندھی نعش بر آمد ہوئی۔ دھوبی گھاٹ کے علاقے سے دو افراد کی ہاتھ پاؤں بندھی لعش ملی جنہیں تشدد کے بعد فائرنگ کر کے قتل کیا گیا۔ بلدیہ نمبر پانچ میں مسلح افراد نے گھر میں گھس کر فائرنگ کردی جس سے میاں بیوی ہلاک ہوگئے۔ مقتولین کی شناخت پینتالیس سالہ سلطانہ اور 55سالہ شمس الرحمن کے نام سے ہوئی۔ پولیس کے مطابق پیش آنے والا واقعہ گھریلو تنازعہ کا شاخسانہ ہے۔
رات گئے گلستان جوہر پر فیوم چوک کے قریب مسلح ملزمان کی فائرنگ سے تیس سالہ حیات ہلاک اور شاہد نامی شخص زخمی ہوگیا ۔ گلشن معمار کے مختلف علاقوں میں فائرنگ سے تین افراد ہلا ک ہوگئے۔ آرام باغ تھانے کی حدود اردو بازار میں نامعلوم افراد ایک شخص کی لعش پھینک کر فرار ہوگئے۔ شیر شاہ تھانے کی حدود لیاری ندی سے ایک شخص کی تشدد زدہ لعش ملی۔ منگھو پیر روڈ پر نامعلوم کار سوار ایک شخص کی لعش پھینک کر فرار ہوگئے۔ پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت بائیس سالہ کامران کے نام سے کی گئی۔
اورنگی ٹاؤن کے مختلف علاقوں پاکستان بازار، سیکٹر پندرہ میں فائرنگ سے دو افراد ہلاک ہوئے۔ سرجانی ٹاؤن تھانے کی حدود سیکٹر سیون بی می لوڈنگ سوزوکی پر فائرنگ سے بائیس سالہ سجاد اور پینتیس سالہ باچا خان ہلاک ہوگئے۔ سرجانی کے علاقے خدا کی بستی لیاری ایکسپریس وے کے قریب فائرنگ سے پینتیس سالہ طاہر ہلاک ہوا۔ تیسر ٹاؤن کے علاقے سے دو افراد کی لعشیں ملی جن کی شناخت نہیں ہوسکی۔
سرجانی ٹاؤن میں دو گروپوں کے درمیان فائرنگ کے بعد علاقے میں کشید گی پھیل گئی دوکانیں اور کاروبار بند ہوگیا جبکہ مشتعل افراد نے ایک مکان سات دوکانیں اور تین موٹر سائیکلوں کو نذر آتش کردیا۔ اورنگی ٹاؤن ،لانڈھی ،نیو کراچی اور گلستان جوہر کے علاقوں میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں اکیس افراد زخمی ہوگئے ۔