تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
7 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 8:37

ذوالفقار مرزا الزامات ثابت کریں ، مصطفیٰ کمال

اے آر وائی - ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی نے کہا کہ قائد تحریک کی کردار کشی کی گئی ہے ذوالفقار مرزا نے الطاف حسین پرشرمناک الزام لگائے وہ ان کو عدالت میں ثابت کریں۔ ہم نے ملکی مفاد میں صبر کا دامن نہیں چھوڑا۔



کراچی میں نائن زیرو پر رابطہ کمیٹی کی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم اور اردو بولنے والوں کے خلاف سازش کی جا رہی ہے۔ مہاجروں کی جماعت کو دیوار سے لگانے کو کوشش کی جا رہی ہے۔ ہماری رگوں میں پاکستان بنانے والوں کا خون ہے۔ انیس سو بانوے میں ریاستی سطح پر ایم کیو ایم کے خلاف آپریشن کیا گیا۔ ایک بار پھر ایم کیو ایم کیخلاف بڑی سازش کی جا رہی ہے۔ تمام لوگوں کو باور کرانا چاہتے ہیں کہ یہ انیس سو بانوے نہیں ہے ۔ ایم کیو ایم کے خلاف ملک توڑنے کا الزام لگایا گیا جبکہ جناح پور کے الزامات کی آئی ایس پی آر نے تردید کی۔



ان کا کہنا تھا کہ ذوالفقار مرزا نے الزام عائد کیا ہے کہ الطاف حسین نے دو ہزار ایک میں ٹونی بلیر کو خط لکھا جو غلط ہے ، اس خط میں لکھا ایم کیو ایم کے دفتر کا پتہ بھی غلط ہے اس خط کو بنیاد بنا کر کچھ متعصب قسم کی اینکر پرسن اور تجزیہ کار ایم کیو ایم کا میڈیا ٹرائل کر رہے ہیں ۔اس طرح کا ایک خط انیس سو نوے میں بھی سامنے آیا تھا جو بے نظیر بھٹو نے ایک امریکی سفیر کو لکھا تھا جس میں درخواست کی گئی تھی کہ پاکستان کی عسکری اور معاشی امداد بند کی جائے اور اس دور کے بھارتی وزیراعظم وی پی سنگھ سے کہا گیا کہ آپ افواج کو بارڈر پر اینگیج کر دیں تاکہ پاکستان کی فوج اور ایجنسیوں پر دباؤ بڑھایا جا سکے ، ہم اس خط کو غلط سمھجتے ہیں۔



ان کا کہنا تھا کہ اس خط میں الزام لگایا گیا ہے کہ ایم کیو ایم آئی ایس آئی کی مخالف ہے جبکہ جب انیس سو اکیانوے میں آپریشن جاری تھا لیکن اس وقت بھی ہم نے ایجینسیوں کے خلاف کوئی بات نہیں کی اس کو فوج اور ایم کیو ایم کے درمیان غلط فہمی پیدا کرنے کی کوشش ہے۔



ان کا کہنا تھا ذوالفقار مرزا نے الزام لگایا ہے کہ ایم کیو ایم کے وزیر پورٹ اینڈ شپنگ بابر غوری نے ہزاروں نیٹو کنٹینرز غائب کروائے یہ کس طرح ممکن ہے کہ نیٹو جیسی ترقی یافتہ فوج کے کنٹینرز غائب ہو رہے ہوں اور وہ لا علم رہے اس طرح کی کوئی بات تھی تو ذوالفقار مرزا اس وقت وزیر داخلہ تھے انہوں نے کیوں نہیں نوٹس لیا کوئی ایف آئی آر درج نہیں ہوئی۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.