10 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 10:33
چیف جسٹس بارہ مئی کے واقعات کی تحقیقات کرائیں،زاہد خان
اے آر وائی - اے این پی کے رہنما سینٹر زاہد خان نے مطالبہ کیا ہے کہ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری بارہ مئی کے واقعات کی بھی تحقیقات کرائیں جبکہ بیرونی امداد پر چلنے والی سیاسی جماعتوں کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیٹی تشکیل دی جائے۔
الطاف حسین کی تقریر کے ردعمل میں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھاکہ چیف جسٹس کے ازخود نوٹس سے کراچی امن کی جانب بڑھ رہا ہے رینجرز کے پاس اختیارات برقرار رہنے چاہیئں۔ انھوں نے اے این پی پر لگائے جانے والے الزامات کو مسترد کیا اور کہا کہ انھیں الطاف حسین سے حب الوطنی کے سرٹیفیکیٹ کی ضرورت نہیں۔
انھوں نے کہا کہ الطاف حسین کی پریس کانفرنس کا مقصد فوج اور عدلیہ کو دباؤ میں لانے کی کوشش تھی جبکہ دوران پریس کانفرنس الطاف حسین حواس باختہ دکھائی دیئے اور وہ کسی خوف میں مبتلا تھے۔ زاہد خان کا کہنا تھاکہ الطاف حسین نے پاکستان توڑنے کی سازش کرنے والے جن ممالک کا نام لیا ان میں سے ایک کے وہ خود بھی نیشنیلٹی ہولڈر ہیں۔