12 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 19:2
ڈینگی:علاج معالجے میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے،شہباز شریف
اے آر وائی - وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ صوبے بھر میں ڈینگی وائرس پرکنٹرول کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں اور اس سے متاثرہ افراد کے علاج معالجے میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے۔
یہ ہدایت انہوں نے پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں راولپنڈی کے مختلف اضلاع میں ڈینگی وائرس پر کنٹرول کے حوالے سے خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر شہباز شریف نے رکن قومی اسمبلی محمد حنیف عباسی کو ضلع راولپنڈی کا ڈینگی وائرس کنٹرول اور مانیٹرنگ کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا۔
وزیر اعلی پنجاب نے ارکان اسمبلی کو ہدایت کی کہ وہ ڈینگی سے بچاؤٴ اور احتیاطی تدابیر سے عوام کی آگاہی کے لیے ہینڈ بلز تقسیم کرائیں اور ان سرگرمیوں میں نوجوان ڈاکٹرز اور رضاکاروں کو بھی شامل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو اسپتال میں ڈینگی بخار کے مریضوں کے لیے علاج معالجے کی سہولتوں کو موثر بنایا جائے۔