12 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 18:56
کراچی کے مختلف علاقوں میں وقفہ وقفہ سے ہلکی اور تیز بارش جاری
جنگ نیوز -
کراچی…کراچی کے مختلف علاقوں میں وقفہ وقفہ سے ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔بارش کے باعث جہاں موسم خوش گوارہوگیا وہیں شہریوں کو ٹریفک جام کی مشکل سے بھی دوچارہوناپڑا۔شام ہوتے ہی کراچی کے علاقے سپر ہائی وے ،گلشن معمار، ملیر، کورنگی اور لانڈھی میں تیز آندھی کے ساتھ بارش شروع ہوئی اورپھرنارتھ کراچی، عائشہ منزل صدر،کلفٹن،آئی آئی چندریگرروڈاوراولڈ سٹی ایریامیں ہلکی بارش کا سلسلہ شروع ہوا۔بارش کے دوران بیشترعلاقوں میں دھندچھاگئی،کچھ نظرنہیں آرہا اورگاڑیوں کی ہیڈلائٹس آن ہوگئیں۔شہریوں نے جہاں بارش کا مزہ لیاوہیں ٹریفک جام نے ان کیلئے بارش کا مزہ کر کرا کردیا۔ نکاسی آب کے ناقص نظام کے باعث سڑکوں پرمزید پانی کھڑا ہوگیا۔ گھر پہنچنے کی جلد بازی میں لوگوں کی جانب سے مخالف سمت میں گاڑیاں چلانے کی وجہ سے ٹریفک جام ہوگیااور شہریوں نے منٹوں کاسفر گھنٹوں میں طے کیا۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں مزید دو دن تک ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔کراچی،حیدرآباد،میرپورخاص میں وقفے وقفے سے بارش جاری رہے گی۔