13 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 15:44
کراچی موسلا دھاربارش کے باعث شہر میں معمولات زندگی درہم برہم
اے آر وائی - کراچی میں موسلا دھار بارش کے باعث شہر میں معمولات زندگی درہم برہم ہو گئی، شہر کے مختلف علاقوں میں حادثات کے باعث چھ افراد جاں بحق ہو گئے، تعلیمی ادارے اور تجارتی مراکز بند رہے۔
پیر کی شام سے شہر میں شروع ہونے والے موسلا دھار بارش کے باعث معمولات زندگی درہم برہم ہو گئی۔ پبلک ٹرانسپورٹ نہ ہونے کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ اہم شاہراہوں پر کئی کئی فٹ پانی کھڑا ہونے کے باعث عوام کو اپنی ذاتی گاڑیوں میں سفر کرنے میں بھی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ گاڑیوں میں ایندھن ختم ہونے اور خرابی کے باعث عوام سڑکوں پر اپنی گاڑیاں چھوڑ کر پیدل جانے پر مجبور ہو گئے۔ کے ای ایس سی کے متعدد فیڈر ٹرپ کرنے سے شہر کے مختلف حصوں میں ابھی تک بجلی بحال نہیں ہو سکی ہے۔
شہر میں مختلف حادثات کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق ہو گئے جس میں فریئر مارکیٹ میں کرنٹ لگنے سے دو افراد، گھاس منڈی میں ایک جبکہ نارتھ ناظم آباد میں دیوار گرنے کے باعث دو افراد اور کٹی پہاڑی کے علاقے میں مکان میں پانی جمع ہونے کے سبب ایک فرد جاں بحق ہو گئے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں مجموعی طور پر 137 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی اور آئندہ 24 گھنٹوں میں شہر میں وقفے وقفے سے مزید بارش ہونے کا بھی امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں سب سے زیادہ بارش مسرور ائر بیس میں 126 ملی میٹر، گلستان جوہر یونیورسٹی روڈ اور نارتھ ناظم آباد میں 108، صدر میں 112، ناظم آباد میں 109، ایئرپورٹ میں 95، لانڈھی میں 98 جبکہ گلشن حدید میں 86 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔