تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
21 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 10:33

سفارتکاروں کو کراچی کی صورتحال پر تحفظات ہیں،منظور وسان

اے آر وائی - صوبائی وزیر داخلہ منظور وسان نے کہا ہے کہ بیرون ممالک کے سفارتکاروں کو کراچی کی صورتحال پر تحفظات ہیں اور انہوں نے تجویز دی ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں سے بات چیت کے ذریعے مسائل حل کئے جائیں۔



یورپی یونین کے پاکستان میں سفیر لارج گنر وائٹ مارک کی سربراہی میں وفد نے صوبائی وزیر داخلہ سندھ کی رہائش گاہ پر ملاقات کی جس میں امن و امان سمیت دیگر امور زیر غور آئے۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے منظور وسان کا کہنا تھا کہ 23 اگست سے رینجرز کو دیئے گئے اختیارات کے بعد 54 ٹارگٹ کلرز اور 19 بھتہ خور گرفتار کیے گئے ہیں اور اس دوران بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں نمایاں کمی آئی ہے۔



انہوں نے کہا کہ ایس ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم کے گھر پر ہونے والا بم دھماکہ خود کش تھا یا نہیں اس کی تحقیقات کی جارہی ہے، تاہم دھماکے کی نوعیت میریٹ اسلام آباد اور امریکن قونصلیٹ کے طرز پر تھی۔



یورپی یونین کے سفیر لارج گنر وائٹ مارک کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو قیام امن کے لئے ملکر کام کرنا چاہیئے، کیونکہ ترقی اور معاشی بہتری امن وامان کے ساتھ ہی جڑی ہوئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ یورپی یونین سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے 80 ملین یورو امداد فراہم کرے گی، جس میں دس ملین یورو دیئے جاچکے ہیں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.